ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلورو کے بنٹوال میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے گودام سے ہوا ہزاروں کوئنٹل چاول غائب ۔ پولیس نے لیا گودام سپروائزر کو  حراست میں

مینگلورو کے بنٹوال میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے گودام سے ہوا ہزاروں کوئنٹل چاول غائب ۔ پولیس نے لیا گودام سپروائزر کو  حراست میں

Fri, 18 Aug 2023 22:50:02    S.O. News Service

مینگلورو،18 / اگست (یس او نیوز) بنٹوال تعلقہ میں پبلک ڈسٹریبیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) کے تحت راشن کارڈ پر تقسیم کرنے کے لئے جو ہزاروں کوئنٹل چاول فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے ذریعے فراہم کیا گیا تھا وہ ایف سی آئی کے گودام سے غائب ہوگیا ہے۔
    
محکمہ جاتی افسران نے جب اس گودام کا جائزہ لیا تو وہاں سے 3,892 کوئنٹل چاول غائب پایا گیا جس کی مالیت کا اندازہ 1,32,36,030 روپے لگایا گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ چاول بی سی روڈ پر کے ایس آر ٹی سی بس ڈپو کے سامنے واقع گودام میں ذخیرہ کیا گیا تھا۔ 
    
اس ضمن میں کرناٹکا فوڈ اینڈ سوِل سپلائز آفس کے منیجر شرتھ کمار نے بنٹوال ٹاون پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے ۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گودام کے سپروائزر وجئے کو حراست میں لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے وجئے کے بیان کی روشنی میں تمام ملزمین کو جلد ہی گرفتار کیا جائے گا۔
    
مقامی ایم ایل اے راجیش نائک نے ضلع ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ بھیجتے ہوئے ملزمین کے خلاف کڑی قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے ۔ ایم ایل اے نے لکھا ہے :" پچھلے کچھ عرصہ سے ایف سی آئی کی جانب سے فراہم کردہ چاول کا غلط استعمال ہونے کی شکایتیں مل رہی تھیں ۔ اس لئے آپ کو اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے چاول کے ذخیرہ تفصیلی معائنہ کرنا چاہیے اور خطا کاروں کے خلاف قانونی کارروائی کرنی چاہیے۔
    
ضلع ڈپٹی کمشنر مولئی موہیلن اور ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سی بی ریشیانت نے موقع پر پہنچ کر گودام کا جائزہ لیا اور محکمہ جاتی افسران کے ساتھ اس مسئلہ پر بات چیت کی ۔ ڈی سی نے بتایا کہ گودام سے چاول غائب ہونے کا معاملہ کے ایس ایف سی افسران کے علم میں لایا گیا ہے ۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے ڈسٹرکٹ آفیسر نے اپنے اعلیٰ افسران کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ پولیس کے پاس باضابطہ شکایت درج کروائی ہے۔ 
    
ضلع ڈی سی موہیلن نے بتایا کہ " تفصیلی تحقیقات کے بعد ہی واضح تصویر سامنے آئے گی ۔ میں نے کے ایس ایف سی کے ریاستی افسران کو متعلقہ مقام پر پہنچنے کے لئے کہا ہے ۔ وہ تحقیقات کریں گے اور اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔"    


Share: